بنگلورو،26؍مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک میں لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے صرف ایک دن باقی ہے۔ کانگریس نے آج کہاہے کہ مخلوط پارٹنر جے ڈی ایس نے بنگلور نارتھ حلقہ کی سیٹ کانگریس کے لئے چھوڑ دی ہے۔ مرکزی وزیر ڈی وی سدانندا گوڑا اس حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی بی جے پی ہی کے ٹکٹ پر وہ چناؤ لڑ رہے ہیں۔ یہ سیٹ کانگریس کو چھوڑ دینے پر اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور کرناٹک کے انچارج کے سی وینوگوپال نے جے ڈی ایس کے سربراہ وسابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور ان کی پارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کل بروز منگل پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ بنگلور نارتھ میں پہلے مرحلہ میں پولنگ ہوگی۔ کرناٹک کے کل28؍پارلیمانی حلقوں میں سے 20؍کانگریس اور 8؍حلقوں میں جے ڈی ایس کو امیدوار کھڑا کرنا طے ہواتھا۔ اب بنگلور نارتھ کانگریس کو چھوڑ دینے سے 21؍حلقوں میں کانگریس اور7؍حلقوں میں جے ڈی ایس کے امیدوارکھڑے ہوں گے۔ حالانکہ دیوے گوڑا پر یہ دباؤ تھا کہ وہ بنگلور نارتھ حلقہ سے چناؤ لڑیں۔ لیکن آخری وقت میں گوڑا نے ٹمکور حلقہ سے نامزدگی داخل کردی ہے۔ بنگلور نارتھ کے لئے جے ڈی ایس کے پاس کوئی مناسب امیدوار نہیں تھا اس لئے اس حلقہ کو کانگریس کے لئے چھوڑ دیاگیا۔ اب کانگریس اس حلقہ سے اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔ کہا جارہا ہے کہ بی ایل شنکر اس حلقہ سے کانگریس امیدوار ہوں گے۔