بنگلورو،16مئی(ایس او نیوز/یواین آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر و سابق وزیر گووند کرجول نے الزام لگایا ہے کہ سابق وزیراعلی سدارامیا جو جے ڈی ایس۔کانگریس زیرقیادت کوارڈی نیشن کمیٹی کے صدرنشین بھی ہیں،ریاست میں لینڈمافیا کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے الزام لگایا کہ سدارامیا خود کو او بی سی لیڈر قرار دے رہے ہیں تاہم وہ بنگلورو کے اطراف اراضیات پر قبضے کرنے والوں کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کا موازنہ سابق وزیراعلی ڈی دیوراج اُرس سے نہیں کیاجانا چاہئے جو کرناٹک میں پسماندہ طبقات کے ایک سرکردہ لیڈر تھے۔یہ الزام لگاتے ہوئے کہ سدارمیا جو ایک مرتبہ پھرریاست کے سابق وزیراعلی بننے کا جذبہ رکھتے ہیں،اپنے حامیوں کے ذریعہ اپنی امیدواری کی تشہیر کر رہے ہیں۔کانگریس میں تقریبا نصف درجن ایسے لیڈر ہیں جو ر ریاست کے وزیراعلی بننے کے خواہش مند ہیں۔ وزیراعلی کے عہدہ کی دوڑ میں کرناٹک میں کانگریس آئندہ دنوں پارٹی میں پھوٹ کی وجہ سے ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گی۔انہوں نے سابق وزیراعلی ایچ ڈی کماراسوامی پر بھی نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ سیاست میں ملوث نہ ہوں بلکہ عوام کے مسائل کی سمت توجہ دیں جو ریاست کے بیشتر حصوں میں پینے کے پانی کے شدید بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔سابق وزیر و بی جے پی رکن اسمبلی رینوکاچاریہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔