حیدرآباد،05؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)’غیر کانگریس، غیر بی جے پی مورچہ‘کی تجویز دینے کے ایک دن بعد تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ اپنے خیالات کو قومی سطح پر نافذکرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔وزیر اعلی کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق راؤ کا خیال ہے کہ جو لوگ بھی ملک کے بارے میں مختلف طریقے سے سوچ رہے ہیں انہیں سیاست میں معیاری تبدیلی کے لئے شراکت دار بنایا جائے۔وزیر اعلی نے ہفتہ کو کہا تھا کہ وہ انتظامیہ میں ’معیاری تبدیلی‘کے لئے قومی سیاست میں شرکت کرنے کے حامی ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی، جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی ہیمنت سورین اور مہاراشٹر کے دو ممبران پارلیمنٹ سمیت کئی لیڈروں نے راؤ کی تجویز کی حمایت کی ہے۔راؤ ریٹائرڈ آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس اور آئی آر ایس حکام سے ملاقات کریں گے جو مختلف سطح پر ملک کی انتظامیہ کا حصہ رہے ہیں اور کافی تجربہ رکھتے ہیں۔راؤ پروگرام طے کرنے میں مصروف ہیں اور ان ملاقاتوں کو کامیاب بنانے کے لئے کوشش جاری ہے۔وزیر اعلی اہم ریٹائرڈ دفاعی حکام، قانونی حکام اور کسان تنظیموں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ریلیز کے مطابق راؤ ماہرین اقتصادیات اور مرکزی حکومت کے ریٹائرڈ سیکرٹریز کے علاوہ، میڈیااہلکاروں، صحافیوں، صنعت کاروں اور لیبر تنظیموں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔اجلاسوں کا انعقاد حیدرآباد کے ساتھ نئی دہلی، ممبئی، چنئی، کولکاتہ، بنگلور اور دیگر مقامات پر کیا جائے گا۔