بھٹکل 11 جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور بیچ پر دو سیاح سمندر میں غرق ہوگئے جس میں سے ایک سیاح کی نعش برآمد کرلی گئی ہے، دوسرے کی تلاش جاری ہے۔ واردات اتوار شام کو پیش آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ شکاری پور (شموگہ) سے آئے ہوئے چار سیاح مرڈیشور مندر میں پوجا پاٹ کے بعد تین لوگ سمندر میں تیرنے کے لئے اُترے تھے، جبکہ چوتھا کنارے ہی بیٹھ کر نظارہ دیکھ رہا تھا۔ اس دوران اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آکر تینوں سیاح غوطے کھانے لگے، بتایا گیا ہے کہ ایک سیاح فوراً قریبی پتھر پر چڑھ کر اپنے ا ٓپ کو بچانے میں کامیاب ہوگیا، البتہ دو لوگ سمندر میں غرق ہوگئے۔ 
مقامی ماہی گیروں کی کوششوں سے ایک سیاح کی نعش برآمد کرلی گئی جس کی شناخت منجوناتھ (26) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ جبکہ لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت منی کانت (32) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
منجوناتھ کی نعش کو بھٹکل سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں منتقل کردی گئی ہے۔
مرڈیشور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔