ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی بنگال انتخابات: ممتا بنرجی آج نندی گرام سے داخل کریں گی کاغذات نامزدگی

مغربی بنگال انتخابات: ممتا بنرجی آج نندی گرام سے داخل کریں گی کاغذات نامزدگی

Wed, 10 Mar 2021 13:10:06    S.O. News Service

کولکاتا،10؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی ہائی پروفائل سیٹ نندی گرام سے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔ نندی گرام سیٹ پر ان کا مقابلہ ان کے معتمد خاص رہے سوبھندو ادھیکاری سے ہے، جو اب بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔

ممتا بنرجی کو عروج پر پہنچانے میں نندی گرام کا بڑا ہاتھ ہے۔ سال 2007 میں یہاں کی کسان تحریک میں ممتا بنرجی حکومت نے شرکت کی تھی اور اس وقت وہ 34 سال پرانی بائیں بازو کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے میں کامیاب ہو گئی تھیں۔ دوسری طرف سوبھندو ادھیکاری اس سیٹ پر جمعہ کے روز پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ ریاست کی اس ہائی پروفائل سیٹ پر سبھی کی توجہ مرکوز ہے۔

اسمبلی انتخابات میں اس سیٹ پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے ایک دن قبل ٹی ایم سی کے بوتھ لیول کارکان سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا، ’’میں نے سنا ہے کہ کچھ لوگ مجھے نندی گرام میں باہری قرار دے رہے ہیں، میں حیران ہوں۔ میں پڑوسی بیربھوم ضلع میں پیدا ہوئی اور یہیں پرورش پائی۔ آج میں باہری ہو گئی اور جو گجرات سے آئے ہیں وہ بنگال کے مقامی ہو گئے!‘‘

خیال رہے کہ مغربی بنگال کی تمام 294 سیٹوں پر 27 مارچ سے 29 اپریل کے درمیان 8 مراحل میں اسمبلی انتخابات کرائے جائیں گے۔ یہاں 27 مارچ، یکم اپریل، 6 اپریل، 10 اپریل، 17 اپریل، 22 اپریل، 26 اپریل اور 29 اپریل کو پولنگ ہوگی۔ تمام سیٹوں پر ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو کی جائے گی۔


Share: