منڈگوڈ21؍جنوری (ایس او نیوز) منڈگوڈ تعلقہ کی تبّتی کالونی میں سنیچر کے دن رات کے وقت فلمی انداز میں ڈاکہ ڈالا گیا جس میں گھر کے مالکان کو رسی سے باندھنے کے بعدلٹیروں نے گھر میں موجود 7لاکھ روپے نقد اور 4لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات پر ہاتھ صاف کردیا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق رات کو 11.30بجے کے قریب گھر کے باہر کتے کے بھونکنے کی آواز سن کر جب بدھ بھکشوگھر سے باہر نکلا تو لٹیروں نے اس پر تلوار سے حملہ کردیا جس کی وجہ سے اس کا ہاتھ زخمی ہوگیا۔ ہنگامے کی آواز سن کر جب گھر میں موجود خاتون باہر نکلی تو اس کو بھی دھمکاتے ہوئے دونوں کواندر لے جاکر رسیوں سے باندھ ڈالا گیا۔اور منھ پر پٹّی باندھ دی گئی۔
بتایاجاتا ہے کہ ڈاکہ زنی کی اس واردات کو چار افراد پر مشتمل ٹولی نے انجام دیا جو ہندی میں بات چیت کررہے تھے۔یہ لوگ اطراف میں لگی ہوئی تاروں کی باڑھ کو کاٹنے کے بعد گھر کے احاطہ میں داخل ہوئے ۔اس کے علاوہ باہر لگے سی سی ٹی وی کیمر ے کوتوڑنے کے بعد اندر موجود ڈی وی آربھی لٹیرے اپنے ساتھ لے گئے ۔
ڈاکہ زنی کی اطلاع ملنے پر سرسی کے ڈی وائی ایس پی جی ٹی نائک، سی پی آئی سدانند چلوادی، سرسی کے سی پی آئی بی گریش، جوئیڈا کے سی پی آئی رمیش ہُوگاراور انکولہ کے پولیس سب انسپکٹر ایس آر شریدھر نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ فنگر پرنٹس کے ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرکے جانچ شروع کی گئی۔
ایڈیشنل ایس پی گوپال بیاکوڈ نے بتایا ہے کہ ’’لٹیروں کا پتہ لگانے کے لئے پولیس کی چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔جو بھی معلومات دستیاب ہیں ان کی بنیاد پر مختلف زاویوں سے جانچ کی جارہی ہے۔جلد ہی مجرموں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔‘‘