منگلورو،30؍اپریل (ایس او نیوز)ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری کی صدارت اور ڈپٹی کمشنر سندھو بی روپیش، دیگر اعلیٰ افسران اور عوامی منتخب نمائندوں کی موجودگی میں کووِڈ 19کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جو میٹنگ منعقد ہوئی تھی وہ اراکین اسمبلی وید ویاس کامت او ر یو ٹی قادر کے درمیان تو تو میں اور تکرار کی نذر ہوگئی اور سرکاری افسران منھ دیکھتے رہ گئے۔
جیسے ہی میٹنگ کا آغاز ہوا رکن اسمبلی ویدویاس کامت نے یو ٹی قادر پر الزام لگایا کہ وہ لاک ڈاؤن قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔اس پر یو ٹی قادر نے ان سے وضاحت چاہی تو وید ویاس کامت نے اٹلی سے دہلی اور وہاں سے بنگلوروآکر پھنسی ہوئی ایک لڑکی کو اپنی کار الال تک منگوانے اور پھر اپنی ایک کار کو مسلسل مختلف مقامات دوڑاتے رہنے کی بات کہی۔ یوٹی قادرنے پلٹ وار کرتے ہوئے بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی پر بنٹوال میں کورونا کی وجہ سے موت کا شکار ہونے والی خاتون کی آخری رسومات کی انجام دہی میں رکاوٹ پید اکرنے کا مسئلہ اٹھایا۔ ان کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے ایم ایل سی ایوان ڈیسوزا بھی بی جے پی پر گندی سیاست کرنے کا الزام لگانے لگے پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں طرف سے ایک دوسرے پر الزامات اور گالی گلوچ کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ اور سرکاری افسران کو کووِڈ 19وباء پر قابو پانے کے لئے بلائی گئی میٹنگ میں دونوں طرف کے سیاستدانوں کی زبان پر قابو پانا ناممکن ہوگیا اور پوری میٹنگ سیاسی جھگڑے میں بدل کر بغیر کسی مثبت نتیجے کے ختم ہوگئی۔