بنگلورو،31/مئی(ایس او نیوز) کاشتکاروں کی طرف سے راست طور پر گاہکوں کو پھلوں کی فراہمی کے لئے محکمہئ باغبانی کی طرف سے انتظام کرنے کے اقدام کو وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے سراہا ہے۔ آج شہر میں محکمہئ باغبانی اور کرناٹکا اسٹیٹ میانگو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے لال باغ میں منظم کردہ آم اور پھنس میلے کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ اس طرح کے میلوں کا اہتمام پھلوں کے متعلق عوام میں معلومات اور ان کی فروخت کے لئے موقع فراہم کرنے میں معاون ہوتاہے۔ سابق کاشتکار اپنے پھلوں کو راست طور پر گاہکوں کو فروخت کرسکتے ہیں۔آنے والے دنوں میں محکمہئ باغبانی کی طرف سے گاہکوں کو راست طور پر بذریعے ڈاک پارسل فراہمی کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر محکمہئ باغبانی کے ڈائرکٹر وینکٹیش نے بتایاکہ محکمے کی طرف سے آم اور پھنس کی پارسل سرویس شروع کردی گئی ہے۔ کسان راست طور پر اپنے گاہکوں کو یہ پھل روانہ کرسکتے ہیں۔ تمام اضلاع میں پھلوں کی تجارت میں درمیانی لوگوں کو ہونے والے بھاری منافعے کو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے یہ پہل کی گئی ہے۔ محکمہئ کو امید ہے کہ رواں سال اس سرویس سے دس کروڑ روپیوں کا کاروبار کیا جاسکتا ہے۔آن لائن سے گاہک اپنی پسند کے پھل کاشتکاروں سے راست طور پر منگوا سکتے ہیں۔ تجرباتی طور پر جو پہل محکمے کی طرف سے کی گئی ہے اس پر عوام مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے محکمے نے ریاست گیر پیمانے پر اسے لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر باغبانی ایم سی منگولی، چک پیٹ کے رکن اسمبلی ادے گروڈا چار، میئر گنگامبیکے وغیرہ موجود تھے۔