چنڈی گڑھ،18؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب کانگریس کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو نے مطالبہ کیا کہ جس طرح دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے فصل کے نقصان کے لئے 50 ہزار روپے فی ہیکٹر معاوضہ کا اعلان کیا تھا، پنجاب حکومت بھی ویسا ہی کرے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے گندم پرفی کوئنٹل 400 روپے بونس دینے کی مانگ کو دہراتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دار کسانوں کو لوٹ رہے ہیں۔ سدھو کے مطابق سرمایہ دار 1500 روپے فی کوئنٹل کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ چار برسوں میں کم از کم سہارا قیمت صرف 170 روپے بڑھی ہے۔
انہوں نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) پر الزام لگایا کہ دوسری ریاستوں میں فائدہ اٹھانے کے لئے وہ خوشامد کی سیاست کر رہی ہے۔ پنجاب انتخابات کے پیش نظر 2021 میں پہلی بار دہلی کے وزیر اعلیٰ نے وہاں کے کسانوں کو 50 ہزار روپے کے معاوضے کا اعلان کیا تھا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر وہ کسانوں کی مدد کرنے میں واقعی سنجیدہ ہیں تو پنجاب حکومت کو بھی ایسا ہی اعلان کرنا چاہیے۔ سدھو نے کسانوں کو انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں سب سے زیادہ تعاون کسانوں کاہے اور انہیں تمام نقصانات اور خطرے کے عوامل کو برداشت کرنا پڑتا ہے لیکن حکومت منافع کچھ کارپوریٹس کے ساتھ بانٹتی ہے۔