منگلورو21؍ مئی (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں اپنی شکست کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کوہی اصل سبب ماننے والے سابق کانگریسی اراکین اسمبلی کا اجلاس شہر میں منعقد ہوا۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اس اجلاس میں چار اضلاع سے کانگریس کے شکست خوردہ اراکین اسمبلی نے شرکت کی اور ان کی ہار میں ای وی ایم کے رول کو اہم ترین قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سابق ضلع انچار ج وزیر رماناتھ رائے کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں جنوبی کینرا کے علاوہ اڈپی، کوڈاگو، ضلع شمالی کینرا کے سابق اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ قابل غور بات یہ ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ضلع کے ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں ایک مرتبہ بھی اس طرح کا مشترکہ بین الاضلاعی اجلاس منعقد نہیں ہواتھا۔ ویراجپیٹ کے کانگریسی امیدوار سابق ایم ایل سی ارون ماچیّا، پتور کی سابق ایم ایل اے شکنتلا شیٹی، بیلتھنگڈی کے سابق ایم ایل اے وسنت بنگیرا، موڈبیدری کے ابھئے چندرا جین، منگلورو جنوب کے جے آر لوبو، منگلورو شمال کے محی الدین باوا، کاپو کے ونئے کمار سوراکے ، کارکلا کے کانگریس امیدوار گوپال بھنڈاری، شمالی کینرا کی سابق ایم ایل اے شاردا شیٹی وغیرہ اس میٹنگ میں موجود تھے۔