نئی دہلی،14؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) سرحد پر چین کے ساتھ جاری تناؤ کے درمیان حکومت ہند نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے- حکومت نے تینوں سطح کی فوج کیلئے 15دن کی جنگ کے تخمینہ سے گولہ بارود اور اسلحہ جمع کرنے کی اجازت دے دی ہے- اب تک فوج دس دن کی جنگ کے مطابق اسلحہ جمع کرتی تھی-
مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) کی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ بہت اہم سمجھا جارہا ہے- اس سے فوج ضرورت کے مطابق اسٹاک اور ہنگامی اسلحہ جاتی طاقت استعمال کرسکے گی- اس کے علاوہ بیرون ملک سے50ہزار کروڑ کے اسلحہ خریدنے کا منصوبہ ہے -
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ دشمنوں کے ساتھ15روزہ جنگ لڑنے کیلئے ہتھیاروں کا نظام اور گولہ بارود ذخیرہ کیا جارہا ہے- اس کا مقصد ایک ساتھ پاکستان اور چین دونوں کے ساتھ فوج کو جنگ کیلئے تیار کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل فوج کو اسلحہ اسٹاک بڑھانے کی اجازت دے دی گئی تھی-