کاروار،7؍جنوری (ایس ا و نیوز) ساحلی علاقوں میں دو تین دن سے ہورہی برسات کی وجہ سے کسانوں کا حال برا ہوگیا ہے کیونکہ ایک طرف دھان اور سپاری کی فصلیں کاٹ کر سکھائی جارہی تھیں تو دوسری طرف کاجو اور آم کے درختوں پر پھول نکلنے اور پھل لگنے شروع ہوگئے تھے۔
ضلع کے ہوناور اور دوسرے مقامات سے رپورٹس مل رہی ہیں کہ سکھانے کے لئے رکھے ہوئی دھان اور گھاس کے ڈھیر برسات کے پانی میں پوری طرح بھیگ کر تباہ ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ گھروں کی چھت پر سپاری کی فصل جوسوکھنے کے لئے رکھی گئی تھی وہ بھی بھیگ گئی ہے جس سے کسانوں کو بڑے خسارہ کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی طورپر ویسے ہی بدحال کسانوں کے لئے بے موسم برسات کی صورت میں ایک اور قدرتی آفت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، جس کوئی حل انہیں نظر نہیں آتا۔