بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج شام دہلی میں مرکزی وزیر برائے بری نقل وحمل نتن گڈکری سے ملاقات کی اور ریاست میں زیر التواء مختلف پراجکٹوں کو جلد پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملاقات کے دوران گڈکری کو پیش کی گئی عرض داشت میں وزیراعلیٰ نے بلگاوی سے گوا تک قومی شاہراہ نمبرA 4 کو ترقی ، دھارواڑ سے خانہ پور کی شاہراہ کو ترقی دینے کے لئے منصوبہ منظور کیاجائے۔اس کے ساتھ ہی بلگاوی ، جمبوٹی، چورلا اور گوا سرحد تک کی سڑک کو ترقی دینے اور اسے چار لائن شاہراہ میں تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ پیش کیا۔ اور کہاکہ ان پراجکٹوں کی منظوری سے ریاست میں ٹرانسپورٹ نظام کو غیر معمولی حد تک سدھارا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کمار سوامی نے بیلور اور ہاسن سیکشن کے درمیان کی شاہراہ کو سدھارنے اور ڈوڈہلی بلیکیرے شاہراہ کو ترقی کے دینے کے پراجکٹوں کو بھی جلد منظوری دینے کی مانگ رکھی۔