بنگلورو،10؍مارچ (ایس او نیوز) ان دنوں بی جے پی لیڈر سیاست میں رام کا خوب استعمال کررہے ہیں۔ ریاستی اسمبلی میں سبرامنیا سوامی کے ٹوئٹ سے شروع ہوئی بحث رام کے نام پر ختم ہوئی۔ بشمول سدارامیا، اسمبلی اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری کئی اراکین اسمبلی نے رام کے نام کا استعمال کیا۔
اشیائے ضروریہ میں دن بہ دن ہورہے اضافے پر بی جے پی لیڈر سبرامنیا سوامی کے ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سدارامیا نے اسمبلی میں کہاکہ رام کے بھارت میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر93روپئے، سیتا کے نیپال میں 53روپئے اور راون کے سری لنکا میں 51روپئے ہے۔ اس مرحلہ پر کانگریس اراکین نے جئے شری رام کا نعرہ لگا کر بی جے پی کا مذاق کیا۔
اس پر وزیر داخلہ امور بسوراج بومئی نے کہا کہ آپ لوگوں کو شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔ اس پر سدارامیا نے پوچھا کہ کیا رام کو آپ نے ٹھیکہ پر لے رکھا ہے؟ خود میرے نام میں رام ہے۔آپ تمام سے بڑھ کر میں رام بھگت ہوں۔
اس موقع پر مداخلت کرتے ہوئے اسپیکر کاگیری نے کہا کہ یہاں ایوان میں رام کا موضوع آنے سے ایک بات واضح ہوگئی ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے آپ لوگو ں نے بھی چندہ دیا ہے۔ اس پر جواب دیتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ میں ہمارے گاؤں کے رام مندر کی تعمیر کے لئے چندہ دیا ہوں لیکن ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر میں خود حکومت اور بڑے بڑے سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں، ہمارے چندہ کی کیا ضرورت ہے؟