بھونیشور 26جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نامور مصنفہ گیتا مہتا نے پدم شری ایوارڈلینے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سال بڑے انتخابات ہونے ہیں اور ان کا ایوارڈ لینے کا غلط مطلب لگایا جا سکتا ہے۔ مہتا اڑیسہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کی بہن ہیں۔ انہیں ادب اور تعلیم کے میدان میں قابل ذکر شراکت کے لئے پدم شری ایوارڈ سے نوازے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نیویارک سے انہوں نے ایک بیان جاری کر کہا کہ میں اس بات سے بے حد فخر محسوس کر رہی ہوں کہ حکومت ہند نے مجھے پدم شری کے قابل سمجھ رہی ہے۔ لیکن بڑے افسوس کے ساتھ میں ایسا محسوس کر رہی ہوں کہ مجھے اسے لینے سے انکار کر دینا چاہئے، کیونکہ عام انتخابات ہونے والے ہیں اور انعامات دینے کا اعلان کا وقت غلط پیغام دے سکتا ہے جس سے حکومت اور مجھے کسی نہ کسی طرح صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسا ہونے پر مجھے زیادہ افسوس رہے گا۔واضح ہو کہ مصنفہ اس وقت نیویارک میں ہیں۔ان کی کئی کتابیں بہت ہی معروف و مقبول ہیں ۔