ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپورمیں خاتون کا اپنی بیٹی کے ساتھ خودکشی کرنے کا معاملہ: جیٹھ گرفتار، چھ ماہ سےجنسی زیادتی کرنے کا الزام

یلاپورمیں خاتون کا اپنی بیٹی کے ساتھ خودکشی کرنے کا معاملہ: جیٹھ گرفتار، چھ ماہ سےجنسی زیادتی کرنے کا الزام

Wed, 26 Dec 2018 14:45:09    S.O. News Service

یلاپور 26/ڈسمبر (ایس او نیوز) پیر کو ایک خاتون اور اُس کی بیٹی کی نعش ایک کھلے کنویں سے برآمد ہوئی  تھی، اُس تعلق سے پولس  نے  خاتون کے جیٹھ (شوہر کا بڑا بھائی ) کو گرفتار کرلیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ گذشتہ چھ ماہ سے  اِس خاتون کی عصمت دری کررہا تھا اور شوہر  کاروائی  کرنے سے لاچار تھا۔

اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ شخص کی شناخت  یلاپور کے لالگولی نرسور کے رہنے والے روہی داس پٹگار  کی حیثیت سے کی گئی ہے جس کی جنسی ہراسانی سے پریشان ہوکر مالنی رام چندرا پٹگار نے اپنی نو سالہ بیٹی میگھنا پٹگار کو ساتھ لے کر کنویں میں کود کر خود کشی کرلی تھی۔

خیال رہے کہ کنویں میں ماں اور بیٹی کی نعش برآمد ہونے  کی خبر  ساحل آن لائن پر منگل  کو  شائع  ہوئی تھی۔ جس میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا کہ گذشتہ چھ ماہ سے مالنی   ذہنی تناؤ کا شکار ہوکرگھرمیں  کسی سے  بات نہیں کر رہی تھی اور اپنی جگہ بالکل خاموش رہا کرتی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ مالنی نے جمعہ کو گھر چھوڑنے سے پہلے خودکشی کا ایک نوٹ گھر پر چھوڑ کر گئی تھی، جو اُس کے بیٹے کے ہاتھ لگ گیا تھا۔ اُس میں مالنی نے اپنے ساتھ جنسی ہراسانی کئے جانے کی بات کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اُس نے یہ بات اپنے شوہر کو بتائی تو شوہر عزت  کی خاطر  خاموشی اختیار کی تھی اور وہ اس تعلق سے کچھ بھی کرنے سےقاصر تھا، مالنی نے یہ سوچ کر کہ وہ اکیلی اگر خودکشی کرے گی تو اس کی بیٹی کے ساتھ بھی ظلم ہوسکتا ہے، لہٰذا اُس نے اپنی بیٹی کو ساتھ لے کر متعلقہ کنویں میں چھلانگ لگادیا تھا۔

یلاپور پولس نے  خاتون کے جیٹھ کو  گرفتار کرلیا ہے اورمزید چھان بین جاری ہے۔


Share: