بھٹکل 11جولائی (ایس او نیوز): بھٹکل کورٹ کمپلیکس میں ہفتہ کے روز منعقدہ میگا لوک عدالت کے دوران تین مختلف بینچوں نے مجموعی طور پر 1,371 مقدمات باہمی مفاہمت کے ذریعے نمٹا دیے۔
سینئر سول کورٹ کی بینچ نے، جس میں عدالتی مصالحت کار کے طور پر جج روپاشری اور غیر عدالتی مصالحت کار کے طور پر ناگرتنا کے. نائک شامل تھیں، 334 مقدمات کا تصفیہ کیا۔
پرنسپل سول جج و جے ایم ایف سی کورٹ کے بینچ میں عدالتی مصالحت کار جج دیپا ارلاگنڈی اور غیر عدالتی مصالحت کار منجوناتھ سی. بھٹ نے خدمات انجام دیں، جہاں 464 مقدمات نمٹائے گئے۔
اسی طرح ایڈیشنل سول جج و جے ایم ایف سی کورٹ کی بینچ، جس کی صدارت جج ارپیتا نے کی جبکہ شراویہ وی. نائک غیر عدالتی مصالحت کار رہیں، نے 573 مقدمات کا باہمی تصفیہ کرایا۔
اس طرح میگا لوک عدالت کے دوران مجموعی طور پر 1,371 مقدمات کے تصفیہ کے ساتھ متبادل نظامِ تنازعات (Alternative Dispute Resolution) کے ذریعے فوری اور خوش اسلوبی سے انصاف کی فراہمی کے مقصد کو مزید تقویت ملی۔