انکولہ 2 فروری (ایس او نیوز) انکولہ۔یلاپور نیشنل ہائی وے 63 پر بیڑی کےپتوں سے بھری لاری کو اچانک آگ لگنے کے نتیجے میں پوری لاری جل کر بھسم ہوگئی، البتہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈرائیور بال بال بچ گیا۔ حادثہ پیر کی شام کو انکولہ تعلقہ کے کنچن باگیلو میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ لاری بیڑی کے پتوں کو لے کر گجرات سے مینگلور جارہی تھی، مینگلور میں ان پتوں سے بیڑی کو تیار کرانا تھا، مگر انکولہ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔
شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ لاری کے انجن کی بیٹری سے آگ پھیلی تھی جس نے بعد میں پوری لاری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے فوری بعد نیشنل ہائی وے کچھ دیر کےلئے بند ہوگیا جس سے ہائی وے پر سواریوں کی لائن لگ گئی۔
اطلاع ملتے ہی انکولہ اور کاروار سے فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے میں کامیاب ہوئی۔
اس تعلق سے انکولہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔