ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رانچی میں سی اے اے کی حمایت میں ریلی، مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کے بعد شرانگیزوں کی دہشت،کرفیو نافذ

رانچی میں سی اے اے کی حمایت میں ریلی، مسلمانوں کے خلاف نعرے بازی کے بعد شرانگیزوں کی دہشت،کرفیو نافذ

Sat, 25 Jan 2020 11:31:32    S.O. News Service

لوہردگا، رانچی،25/ جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) سی اے اے کی حمایت پر مبنی نا م نہاد ریلی میں شرانگیزوں کی شرارت کے بعد ریلی حامیوں کی طرف سے لوٹ پاٹ اور اقلیتی برادری کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سرکاری طورپر بگڑے حالات پر قابو پانے کا اعلان کیا گیا ہے - شہر میں انتظامیہ نے2دن کے لئے کرفیو لگا دیا ہے- جمعہ کی صبح سڑکوں پر سناٹا دیکھنے کو ملا -احتیاطی طور پر شہر کے مختلف چوک-چوکوں پر بڑی تعداد میں جیپ، سی آر پی ایف اور ضلع پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے- وہیں، رانچی سے لوہردگا جانے اور آنے والی مسافر ٹرین کو آج منسوخ کر دیا گیا. اس کے علاوہ، لوہردگا کی جانب سے گزرنے والی ایک ٹرین کا روٹ بھی بدل دیا گیا ہے- ڈی آئی جی سمیت تمام افسر موقع پر نظر بنائے ہوئے ہیں - خیال رہے کہ جمعرات کو لوہردگا میں (سی اے اے) کی حمایت میں کئی ہندو تنظیموں کی طر ف سے نام نہاد ریلی نکالی گئی تھی، جس میں مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے نعرے لگائے جارہے تھے،ڈی جے پر مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے گانے گائے جارہے تھے، جس سے معاملہ کی سنگینی بڑھ گئی اور معاملہ دو فرقوں میں بٹ کر فرقہ وارانہ صورت اختیار کرگیا - جس کی مخالفت کرنے پر دونوں فرقے کے لوگوں میں ہاتھا پائی اور جھڑپ ہوئی، بعد ازاں ریلی حامیوں نے اپنی ہی ریلی پر سنگباری کرکے اقلیتی طبقے کو نشانہ بنانے میں کوئی دریغ نہ کیا -شر پسندوں نے لوہردگا کے ’انجمن کالونی‘ کو گھیر کر اقلیتی برادری کے د کان، مکان اور دیگر املاک کو چن چن کر اور نشانہ بناکر توڑ پھوڑ کی -شرپسندوں کا اس سے بھی جب جی نہ بھرا توسڑک کنارے کھڑی سینکڑوں گاڑیوں کوبھی نذرآتش کردیا - خیال رہے کہ اس سے قبل ایس ڈی او کو کشیدہ حالات کی خبر دے دی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ نے اس کے خلاف اقدام کرنے سے گریز کیا - لوہردگا کی ڈپٹی کمشنر آکانکن رنجن نے شہر میں 24 اور25جنوری کو کرفیو کا اعلان کیا ہے- ان کے حکم پر تمام اسکول کالجوں کو دو دن کے لئے بند کر دیا گیا ہے- انتظامیہ کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ کرفیو کی مدت میں کسی بھی شخص کا اپنے گھر سے باہر نکلنا ممنوع ہے- اپیل ہے کہ امن برقرار رکھیں، افواہوں پر توجہ نہیں دیں، سرکاری، نجی پراپرٹی کو توڑ پھوڑ یا اسے آگ کے حوالے نہ کریں -ایسا کرتے پائے جانے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی- کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال ہونے پر ٹیلی فون نمبر222513-06526یا100 پر انتظامیہ کو مطلع کریں -سکیورٹی کے پیش نظر شہر میں ڈی ایس پی رینک کے 12 افسروں کی تعیناتی کی گئی ہے، سب کو اگلے حکم تک تعینات رہنے کو کہا گیا ہے- سینئر افسروں نے لوہردگا ایس پی کو شر انگیزوں پر سخت نگاہ رکھنے اور کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے- شہر میں موجود ڈی آئی جی حالات پر نظر رکھ رہے ہیں - حالات پر کنٹرول رکھنے کے لئے لاتیہار، گملا، رانچی، بوکارو، دھنباد سے سی آر پی ایف اور ضلع پولیس فورس کا تعاون لیا گیا ہے- سکیورٹی کے پیش نظر ٹرین نمبر 68135 رانچی-لوہردگا میمو پسنجر اپ اور ڈاؤن کو آج منسوخ کر دیا گیا ہے-ساتھ ہی کئی ٹرینوں کا روٹ بھی تبدیل کیا گیا ہے -


Share: