بنگلورو،24؍ جون (ایس او نیوز) کورونا وائرس کے 9 ہزار کیسس اور گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کرناٹک میں اسٹیٹ کووڈ وار روم کے دائر کٹر منیش موڈگل نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’ اگر کیسس میں روز انہ اضافہ کی شرح 3 فیصد ہے تو پھر فعال کیسس 17 ہزار تک پہنچ جائیں گے۔ تاہم اگر روزانہ اضافہ کی شرح 4 فیصد رہی تو پھر آئندہ 60-50 دنوں میں 25-20 ہزار کیسس ہوجائیں گے۔
اتوار کو 453 نئے کیسس منظر عام پر آنے کے بعد ریاست میں مریضوں کی مجموع تعداد 9150 ہوگئی جن میں 3391 فعال کیسس شامل ہیں۔ زائداز 225 مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5518 ہوگئی ۔
یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ 20-15 دن کے بعد پوزیٹیو کیسس کی درست تعداد کی پیش قیاسی مشکل ہے، موڈگل نے کہا کہ اس کا انحصار شہریوں کے رویہ، لاک ڈاؤن کی برخاستگی اور آنے والے دنوں میں حکومت کے اقدامات پر ہے۔ اگرچیکہ موڈگل نے جولائی کے اواخر تک 10 ہزار کیسس کی پیش قیاسی کی تھی، مگر ریاست میں 21 ؍ جون کو ہی کیسس 9 ہزار سے تجاوز کر گئے۔
موڈگل نے دعویٰ کیا کہ اضافہ کی شرح کو گھٹانے کی کوشش کیسس کی تعداد توضیحی طور پر کم کرے گی۔ اس کے برعکس کوئی بھی چوک کی ہمیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ‘‘
اس سیاق و سباق میں سینئر آئی اے ایس عہدیداروں اور شہریوں کو ماسک پہننے ، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے پر عمل کے ذریعہ بڑا فرق پیدا کرنا چاہئے۔ ہمیں ہر مریض کے تمام رابطوں کا اندرون 24 گھنٹے میں پتالگا کر انہیں قرنطینہ کرنا ہوگا اور غیر محفوظ اور متاثرہ گروپس کے معائنے بڑھنے ہوں گے۔